جان کیری کی پاکستان کو ہدایت و نصیحت!
ہندوستانی بری فوج کے سربراہ دلبیر سنگھ سہاگ نے نئی دہلی میں اس بات کی وسیع تفصیلات رکھی ہیں کہ پاکستان ن میں دہشت کا ڈھانچہ ابھی تک برقرار ہے۔ ٹھیک تقریباً یہی بات اسلام آباد میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھی کہیں ہے۔انہوں نے دو ٹوک کہا ہے کہ پاکستان کی نواز شریف سرکار کو ان سبھی دہشت گرد گروپوں سے لڑنا ہوگا جو افغانستان ۔ بھارت اور امریکی مفادات کے لئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے دہشت گرد تنظیموں کے لئے محفوظ پناہ گاہ بن چکے پاکستان کو دہشت گردی سے نمٹنے کے ان کے طریقے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سخت ہدایت دی ہے۔ اب تک اچھی بری دہشت گردی کی پالیسی پر چل رہے پاکستان سے امریکہ نے دو ٹوک کہا ہے کہ بھارتیہ برصغیر میں امن قائم کرنے کیلئے وہ لشکرطیبہ، طالبان اور حقانی نیٹ ورک سمیت سبھی دہشت گرد تنظیموں پر نکیل کسے۔ بھارت کے دورے کے بعد اسلام آباد گئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ یہ سبھی دہشت گرد تنظیمیں خود پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت اور دنیا کے لئے بھی خطرہ بنی ہوئی ہیں۔ کیری نے خاص طور پر لشکر طیبہ اور حقانی نیٹ ورک کا ذکر کیا۔ پیشاور حملے کے بعد طالبان پر کارروائی کا ارادہ تو پاکستان سرکار نے دکھا یا ہے لیکن مندرجہ بالا دونوں گروپوں کے تئیں اس کا دوہرا رویہ برقرار ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کا دورۂ پاکستان کئی معنوں میں اہم رہا۔اس کی سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ ابھی ابھی امریکہ نے پاکستان کیلئے50 کروڑ ڈالر کی امداد کا پیکیج منظور کیا ہے اور کچھ دنوں پہلے ہی پاکستانی فوج کیلئے ایک ارب ڈالر کی امداد کا پیکیج بھی منظور کیا گیا تھا۔ امریکی عوام اور اقتدار کے گلیارے میں پاکستان کو اقتصادی مدد دئے جانے کی کافی مخالفت ہوئی تھی۔ مدد کے لئے شرائط طے کرنے کی خاطر کیری نے قانون میں ترمیم کی تھی۔ جس کے ایک تجویز کرداؤں میں خود جان کیری بھی تھے۔ اس قانون کے مطابق ہر سال دہشت گردی کی لڑائی میں پاکستان کے کام کاج کا جائزہ لینے کے بعد ہی پاکستان کو مالی مدد دی جاسکتی ہے۔ امریکہ میں پاکستان کے مخالفین کا کہنا ہے کہ پاکستان سرکار دوہرا کھیل کھیل رہی ہے اور وہ دہشت گردی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی اور اندر خانے یہ کارروائی محض دکھاوا ہے۔ پاکستان کے اس دوہرے کھیل کے تئیں عالمی برادری کو چوکس کرنے میں بھارت کامیاب رہا ہے اس لئے جان کیری نے پاکستان کو سبھی دہشت گرد گروپوں کو پست کرنے کی اس کی ذمہ داری کے تئیں آگاہ کیا ہے اور یاد دلایا کہ بھارت سے بہتر رشتے رکھنا خود اس کے فائدے میں ہے۔ اس سلسلے میں فرانس میں حال ہی میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کا ذکر کرکے کیری نے صاف پیغام دیا ہے کہ اب دنیا دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ ہم امیدکرتے ہیں کہ دونوں امریکہ اور پاکستان اس دوہرے کھیل کو ختم کریں گے اور حالات کو سنجیدگی سے لیں گے۔
(انل نریندر)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں