روزے دار کے منہ میں جبری روٹی ٹھونسنے کااعتراض آمیز معاملہ!
عوام کے نمائندوں سے جمہوریت کے تقاضوں کے مطابق برتاؤ کی توقع کی جاتی ہے لیکن اس کو نظر انداز کرنے کی کئی مثالیں سامنے آئی ہیں۔ ہم نے کئی بار دیکھا ہے اگر ممبران حکمراں پارٹی سے تعلق رکھتے ہوں تو وہ اخلاق کی تمام حدیں پار کرنے سے گریز نہیں کرتے۔ تازہ مثال نیومہاراشٹر سدن میں ٹھہرے کچھ شیو سینا کے ممبران پارلیمنٹ کے برتاؤ کا معاملہ ہے۔ شیو سینا کے 11 ممبران پارلیمنٹ پر مہاراشٹر سدن کی مبینہ خراب سروسز کے احتجاج میں ہنگامہ کھڑا کرنے اور ایک مسلم ملازم کو روزے میں زبردستی روٹی کھلانے کے الزام کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ان ممبران کا مطالبہ تھا کہ انہیں مہاراشٹر کے کھانے کھلائے جائیں۔ نیو مہاراشٹر سدن میں قیام و طعام کی ذمہ داری آر آر سی ٹی سی کو سونپی گئی ہے ، جو بھارتیہ ریل میں کھانا سپلائی کرتی ہے۔ یہ ایم پی کئی دن سے سدن میں بجلی، پانی، صاف ،صفائی ،کھانے کے انتظام وغیرہ سے متعلقہ شکایتیں کررہے تھے۔ پچھلے ہفتے انہوں نے پریس کانفرنس بلائی اور پھر اخبار نویسوں کے ساتھ کیٹرین زون میں گئے اور وہاں رکھے برتن وغیرہ اٹھا کر پھینکنے شروع کردئے۔ وہاں تعینات ملازمین کو بیہودہ گالیاں دینے لگے۔ پھر ...