کیا نتیش بہار میں آر پار کی لڑائی چھیڑ رہے ہیں؟
صدارتی چناؤ امیدوار کو لیکراین ڈی اے میں چھڑی جنگ میں ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ یوپی اے امیدوار پرنب مکھرجی کو لیکر تو پہلے ہی این ڈی اے میں دراڑ پڑ گئی تھی لیکن اب تو لگتا ہے کہ کہیں این ڈی اے ہی نہیں ٹوٹ جائے؟ تازہ معاملہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے بیانات کو لیکر کھڑا ہوگیا ہے۔ نتیش کمار نے ایک اخبار میں یہ بیان دے کر ہنگامہ کھڑا کردیا کہ این ڈی اے کا وزیر اعظم کا امیدوار ایسا ہونا چاہئے جس کی ساکھ سیکولرہو۔ ان کے اس بیان کو جہاں گجرات کے وزیر اعلی نریندر مودی کے امکانات پر پانی پھیرنی کی کوشش کہا جاسکتا ہے۔ وہیں انہوں نے صاف اشارہ دے دیا کہ نریندر مودی کو بطور وزیر اعظم امیدوار قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں اور اگر بھاجپا نے ایسا کیا تو این ڈی اے چھوڑ سکتے ہیں اور انہوں نے اس بات کی بھی پرواہ نہیں کی ہوگی کہ بہار میں ان کی بھاجپا کے ساتھ سانجھا سرکار چلتی ہے یا گرتی ہے۔ نتیش نے آخر کار بیان ایسے وقت کیوں دیا ؟انہوں نے پہلے ہی صاف کردیا تھا کہ یوپی اے امیدوار پرنب مکھرجی کی حمایت کریں گے۔ پھر یہ بیان دینے کے پیچھے کیا مقصد ہے؟ کیا وہ اپنے کو وزیراعظم کا امیدوار اعلان کررہے ہیں؟ ...