کم سے کم بھگوان کو تو سیاست سے دور رکھو !
تروپتی بالاجی مندر میں لڈو تنازعہ پر سپریم کورٹ نے سخت نصیحت دی ۔سیاست دانوں سے کہا کہ بھگوان کو تو سیاست سے دور رکھو یہ لوگوں کی آستھا کا معاملہ ہے ۔ساتھ ہی سپریم کورٹ نے ثبوت مانگتے ہوئے آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندربابو نائیڈو کے اس دعوے پرسوال اٹھایا کہ تروپتی مندرکے لڈو بنانے میں جانوروں کی چربی کا استعمال کیاگیا۔سپریم کورٹ نے ٹھیک اسی پر سخت رخ اپناتے ہوئے چندربابو نائیڈو سرکار پر سخت نکتہ چینی کی ،تروپتی پرساد کیس سے جڑے اس تنازعہ کو بنیاد بناتے ہوئے جو پانچ عرضیاں دائر ہوئی ہیں ان پر سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے لیکن پہلے ہی دن کورٹ کی نظر میں یہ ثبوت سامنے آگیا کہ پرساد میں ملاوٹی گھی استعمال کا کوئی ٹھوس ثبوت ابھی تک نہیں ملا ہے ۔اس سے نہ صرف پورا معاملہ یا تنازعہ بے بنیاد ثابت ہو رہا ہے بلکہ یہ سوال بھی سامنے آیا آخر کیوں اس تنازعہ کو طول دیا گیا ۔جسٹس وی ا ٓر گوئی اور جسٹس کے وی وشوناتھن کی بنچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے متعلقہ دعویٰ 18 ستمبر کو کیا جبکہ معاملہ کی ایف آئی آر 25 ستمبر کو درج کی گئی اور ایس آئی ٹی کی تشکیل 26 ستمبر کو کی گئی ۔بنچ نے کہا ایک بڑا آئینی عہدیدار...