ایماندار، صاف ستھری سرکار کا دعوی کھوکھلاثابت ہونے لگا
ایماندار اور سوچھ سرکار دینے کے وعدے سے شری اروند کیجریوال دہلی اسمبلی چناؤ میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے۔ ان کی ایسی جیت ہوئی تھی جو پہلے کبھی کسی بھی سیاستی پارٹی کو نہیں ملی تھی لیکن دکھ سے کہنا پڑتا ہے کہ اقتدار پانے کے کچھ ہی وقت میں اس سرکار کی کارگزاری، انتظامیہ اور ایمانداری کی پول کھلنے لگی ہے۔ جب سے اقتدار میں کیجریوال آئے ہیں وہ دوسروں پر تو بے بنیاد الزامات لگا کر بدنام کرنے میں جٹے رہتے ہیں لیکن اپنے آنگن میں کیا ہورہا ہے، یہ دیکھنے کی کوئی ضرورت نہیں سمجھتے۔ کرپشن کی تازہ مثال ہمارے سامنے آٹو پرمٹ گھوٹالہ آیا ہے۔ دہلی میں آڈ۔ ایون فارمولے کو نافذ کرنے کے لئے دہلی سرکار نے 10 ہزار نئے آٹو پرمٹ کی منظوری دی تھی۔ وہ جھگڑے کی بھینٹ چڑھتا نظر آرہا ہے۔ آٹو پرمٹ میں دھاندلی برتنے کے الزام میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے 3 افسروں کو معطل کردیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ فرضی پتے پر آٹوپرمٹ جاری کئے گئے تھے۔ اس درمیان دہلی حکومت نے نئے جاری کئے 932 پرمٹ منسوخ کردئے ہیں۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے قبول کیا ہے کہ پرمٹ دینے میں دھاندلی ہوئی ہے۔ بھاجپا نیتا ویجندر گپتا نے پریس کانفرنس کرکے...