ہریانہ کے نئے لال،منوہر لال!
ہریانہ کی سیاست میں طویل عرصے سے چھائے رہے بنسی لال، چودھری دیوی لال، بھجن لال اور پھر چودھری رنویر سنگھ کے لال بھوپندر سنگھ ہڈا کے بعد اب ایک اور لال منوہرلال اپنی سیاسی پاری کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ بھاجپا نے بیحد چالاکی کے ساتھ اسمبلی میں غیر جاٹ کارڈ کھیل دیا ہے اور جاٹ ووٹ بینک کو بھی جوڑے رکھا۔ یہی وجہ تھی کہ کسی نیتا کو وزیر اعلی کا دعویدار اعلان کئے بغیر منوہر لال کھٹر کو وزیر اعلی کی شکل میں پروجیکٹ کردیا۔ پورے چناؤ کے دوران بھاجپا نے پیغام دیا کہ سرکار بننے پر غیر جاٹ وزیر اعلی ہوگا لیکن سینئر لیڈروں نے کسی بھی اسٹیج سے یہ ظاہر نہیں ہونے دیا۔ ایسا ہونے سے دوسری پارٹیوں کو بڑا اشو ہاتھ لگ جاتا۔ مودی میجک کے سہارے چناوی میدان میں اتری بھاجپا کے حکمت عملی ساز نے غیر جاٹ کارڈ خاموشی سے کھیل دیا۔ وزیر اعلی کے لئے کھٹر کا نام سن کر کئی لوگ حیرت میں پڑ گئے۔ لیکن طویل عرصے سے آر ایس ایس اور بھاجپا میں تنظیمی ذمہ داریاں سنبھال رہے کھٹر زمین سے جڑے ہوئے اور ایک تجربہ کار شخص ہیں جو مشکل چنوتیوں سے نمٹنے کی سوجھ بوجھ رکھتے ہیں۔ روہتک کے بسمانی گاؤں میں بچپن میں کھیت میں سبزیاں...