شراب بندی، نشہ بندی کے خلاف بہار کا سخت سندیش

جب بہار کی راجدھانی پٹنہ میں سنیچر کو دوپہر 12.15 منٹ سے ایک بجے تک 3 کروڑ سے زیادہ لوگ ایک دوسرے سے جڑے تو 11400 کلو میٹر لمبی دنیا کی سب سے بڑی انسانی چین تو بن گئی ہے ساتھ ہی بہار نے دنیا کو شراب بندی کیلئے بیحد مضبوط سندیش بھی دیا ہے۔ بہار کی آبادی کے حساب سے ہر چوتھا آدمی شراب اور نشے کے خلاف منعقدہ اس انسانی چین میں شامل ہوا تھا۔ راجدھانی پٹنہ سمیت ریاست کے سبھی اضلاع میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان نجی اور سرکاری اسکولوں کے بچے، اساتذہ ، سیاستداں، تاجر سمیت سماج کے سبھی طبقوں کے لوگ نشے سے نجات کا پیغام دینے کیلئے 12.15 بجے سے 1 بجے تک ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کرکھڑے ہوکر دنیا کی سب سے بڑی انسانی چین کا ریکارڈ بنادیا ہے۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے دعوی کیا ہے یہ نہ صرف دنیا کی سب سے بڑی انسانی چین ہے بلکہ بڑی سماجی تبدیلی کی حمایت میں پہلی بار اتنے لوگ ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے کھڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اندازہ تھا کہ اس میں 2 کروڑ لوگ حصہ لیں گے مگر اس سے بھی زیادہ لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس کے لئے تمام عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کا شامل ہونا اس کی علامت ہے کہ بہار کے باشندے شراب بندی، نشہ بندی کے زبردست حمایتی ہیں۔ اس شاندار انسانی چین اور اس کی کامیابی لوگوں کے جذبات کا اظہار بھی ہے۔ وزیر اعلی نتیش کمار ، آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو، ودھان پریشد کے چیئرمین اودھیش نرائن سنگھ ، ودھان سبھا کے اسپیکر وجے کمار چودھری، نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو، وزیر صحت تیج پرتاپ یادو، وزیر تعلیم اشوک چودھری، چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ، ڈی جی پی کے ۔ٹھاکر وغیرہ پٹنہ کے گاندھی میدان میں ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر 50 منٹ تک قطار میں کھڑے رہے۔ راجدھانی پٹنہ سے لیکر ریاست کے دور دراز علاقوں میں بڑے جوش خروش سے لوگوں نے اس انسانی چین میں شرکت کی۔ اپنے شہر اور دیہات میں لوگ سڑک پر آئے اور ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر نشے سے نجات دلانے کی حمایت میں اتحاد دکھایا۔ اونچ نیچ اور چھوٹے بڑے کی کھائی اس انسانی چین نے بھر دی ہے۔ سبھی طبقے کے لوگ ایک ساتھ کھڑے ہوئے اور ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اس سماجی مہم میں نوجوان، بزرگ، بچے ،بچیاں ،عورتیں ، مزدور اور کاروباری، ڈاکٹر اور دیگر پیشہ ور اور ہر طبقے سے وابستہ سبھی مذہبوں میں عقیدت رکھنے والے لوگوں نے زبردست جوش کے ساتھ شرکت کی۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار ہی اس مہم کیلئے مبارکباد کے مستحق ہیں۔
(انل نریندر)

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

’’مجھے تو اپنوں نے لوٹا غیروں میں کہاں دم تھا۔۔ میری کشتی وہاں ڈوبی جہاں پانی بہت کم تھا‘‘

’وائف سواپنگ‘ یعنی بیویوں کی ادلہ بدلی کامقدمہ

سیکس ،ویڈیو اور وصولی!