آچاریہ بال کرشن کی گرفتاری کے پیچھے اصل مقصد کیا ہے؟

یوگ گورو بابا رام دیو اور انا ہزارے کے کرپشن اور کالی کمائی کے خلاف آئندہ مشترکہ مہم کے ٹھیک پہلے جمعہ کو رام دیو کے خاص ساتھی آچاریہ بال کرشن کو سی بی آئی نے پتنجلی یوگ پیٹھ ہری دوار سے گرفتار کرلیا ہے۔ اس کے خلاف فرضی پاسپورٹ معاملے میں عدالت میں مقدمہ دائر ہونے کے بعد سمن جاری کیا گیا تھا۔ ذرائع نے کہا بال کرشن کو جمعہ کو سی بی آئی کی اسپیشل عدالت میں حاضر ہونا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے اس کے بعد انہیں ہری دوار میں بابا رام دیو کے آشرم سے وہاں موجود لوگوں کی مخالفت کے درمیان گرفتار کیا گیا۔ فرضی پاسپورٹ اور دوہری شہریت اور فرضی ڈگری معاملے میں سی بی آئی نے پچھلے سال 23 جولائی کو ایک ایف آئی آر درج کی تھی۔ اسی مہینے 10 جولائی کو بال کرشن کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔ عدالت میں انہیں پیش ہونے کے لئے20 جولائی تک کا وقت دیا تھا۔ سی بی آئی نے جانچ میں پایا کہ بال کرشن نے اترپردیش کے خرجہ سنسکرت یونیورسٹی کے پرنسپل سے مل کر جعلی سرٹیفکیٹ لیا ، جس سے پاسپورٹ بنوایا۔ دونوں کے خلاف دھوکہ دھڑی سمیت دوسری دفعات میں معاملے درج کئے گئے۔ بال کرشن کے خلاف پاسپورٹ قانون کے تحت بھی معاملہ درج کیا گیا۔ سمپورن آنند سنسکرت یونیورسٹی سے ویریفائی کرنے سے پتہ چلا کہ بال کرشن کا نام ان کے ریکارڈ میں نہیں ہے۔ سی بی آئی نے بال کرشن کو سرٹیفکیٹ میں دئے گئے نام اور سیریل کو ادارے کے ریکارڈ سے ملایا جس میں یہ نمبر کسی دوسرے طالبعلم کا پایا گیا۔ اسی یونیورسٹی کی جعلی ڈگری بال کرشن نے بنوائی تھی۔ بال کرشن کی شہریت کے بارے میں بھی نیپال سے معلومات مانگی گئی ہے لیکن وہاں سے ابھی کوئی جواب نہیں آیا۔ آچاریہ کے حمایتیوں نے ان کی گرفتاری کا دہرہ دون اور ہری دوار میں جم کر احتجاج کیا، نعرے بازی کی اورا ن کی کار کے آگے لیٹ گئے اور پتنجلی پیٹھ کے سامنے ہائی وے جام کردیا۔ پولیس کو حالات سنبھالنے کے لئے طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ آچاریہ بال کرشن کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے بابا رام دیو نے کہا سرکار نے 9 اگست کی تحریک کو کچلنے کے لئے سازش کے تحت آچاریہ کو سی بی آئی کے ذریعے گرفتار کروایا ہے۔ انہوں نے کہا تحریک سے گھبرائی مرکزی حکومت نے آتنک وادیوں کی طرز پر آچاریہ بال کرشن کی گرفتاری کی ہے لیکن اس سے تحریک کمزور نہیں ہوگی۔ جمعہ کی رات سہارا گرین زون میں اخبار نویسوں سے بات چیت میں بابا نے کہا پہلے سی بی آئی کے ذریعے سرکار نے نیپال سرکار پر دباؤ بنایا وہ بال کرشن کو نیپالی شہریت سے متعلق سرٹیفکیٹ دیں لیکن جب نیپال سرکار نے صاف کہہ دیا کہ آچاریہ بال کرشن بھارت کا شہری ہے تو پھر نقلی جرم کی سازش رچی گئی اور اس کو رچ کر بال کرشن کو گرفتار کرلیا۔ رام دیو کا کہنا ہے کہ آئین میں گیانیوں کو بھی پاسپورٹ حاصل کرنے کا حق ہے تو آچاریہ کو پاسپورٹ بنوانے کے لئے فرضی ڈگری حاصل کرنے کے الزام میں بال کرشن کی گرفتاری پر سوال اٹھایا اور پوچھ تاچھ میں رام دیو کی بھی معاشی اور کاروباری سرگرمیوں کے بارے میں بھی سی بی آئی کو مدد ملے گی۔ اس میں جہاں بدلے کی کارروائی کی بو آتی ہے وہیں اصل نشانہ بابا لگتے ہیں۔ بال کرشن تو محض دباؤ بنانے کے لئے ایک مہرہ ہیں۔ انا ہزارے اور بابا رام دیو میں بہت فرق ہے۔ انا ہزارے ایک فقیر ہے جو بہت سادی زندگی بسر کرتے ہیں جبکہ بابا ہائی پروفائل صنعت کار بن گئے ہیں جن کا کروڑوں کا کاروبار ہے اور اربوں کی اسٹیٹ ہے۔ اصل نشانہ تو بابا رام دیو ہی ہیں۔

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

’’مجھے تو اپنوں نے لوٹا غیروں میں کہاں دم تھا۔۔ میری کشتی وہاں ڈوبی جہاں پانی بہت کم تھا‘‘

’وائف سواپنگ‘ یعنی بیویوں کی ادلہ بدلی کامقدمہ

سیکس ،ویڈیو اور وصولی!