فیفا حکام پر کروڑوں ڈالر رشوت لینے کا الزام

دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کی ساکھ پر بدھوار کو داغ لگ گیا۔ سوئٹزرلینڈ کے زیورخ شہر میں جب فیفا کے نئے چیئرمین کے چناؤ کی تیاری چل رہی تھی تب اس ادارے کے کئی سینئر افسران کو پولیس نے کرپشن میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ اس خبر نے پوری دنیا میں سنسنی پھیلا دی۔ حالانکہ فٹبال کھیل پہلے بھی کئی بار سوالات کے گھیرے میں آچکا ہے۔ اسی طرح کا معاملہ کھیل کی دنیا کیلئے بدنما داغ ہوتا جارہا ہے۔ سازش اور کرپشن کے الزام میں سوئٹزر لینڈ کی زیورخ پولیس نے بدھوار کو صبح سویرے ایک عالیشان ہوٹل پر چھاپہ مار کر بین الاقوامی فٹبال مہا کمبھ(فیفا) کے سات افسران کو گرفتار کرلیا۔ ان پر 10 کروڑ ڈالر (6 ارب 40 کروڑ روپے) رشوت لینے کا الزام ہے۔ گرفتار لوگوں میں فیفا کے وائس چیئرمین بھی شامل ہیں۔ کل 14 افراد پر سازش اور کرپشن کے الزامات ہیں جن میں 9فیفا افسران ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کی وزارت انصاف نے کہا ہے کہ امریکی حکام کی اپیل پر فیفا کے سات افسران کو 1990 کی دہائی کے آغاز سے لیکر موجودہ وقت تک رشوت لینے اور اس کے بدلے میں اپنے مفادات کی تکمیل کے شبے میں گرفتار کیا ہے۔ ان افسران کی گرفتاری ایسے وقت میں ہوئی جب ایک دن بعد جمعرات کو یہاں فیفا کی سالانہ کانفرنس شروع ہونے والی تھی۔ زیورخ کے اس عالیشان ہوٹل پر پولیس کارروائی کے ساتھ فیفا کے ہیڈ کوارٹر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ اس کے علاوہ امریکہ اسٹیٹ فلوریڈا کے میامی میں سی او این سی اے ایف ہیڈ کوارٹر پر بھی تلاشی آپریشن چلایاگیا۔ سوئٹزرلینڈ سرکار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیفا سے وابستہ حکام کروڑوں ڈالر سے زیادہ کی ادائیگی کے پلان میں ملوث پائے گئے ہیں۔اس کے بدلے میں مانا جارہا ہے کہ انہیں لاطینی امریکہ میں ہونے والے فٹبال ٹورنامنٹ سے وابستہ میڈیا، مارکیٹنگ اور اسپانسرشپ رائٹ ملے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان الزامات کی تیاریاں امریکہ میں کی گئیں اور ادائیگی امریکی بینکوں کے ذریعے کی گئی۔ امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی نے حال اور ماضی گذشتہ ملا کر کل 9 فیفا حکام اور امریکی اسپارٹس کمپنیوں سے وابستہ 5 لوگوں کے خلاف 15 کروڑ ڈالر کے کرپشن کے مقدمے درج کئے ہیں۔ ان 14 میں سے 6 نے اپنا گناہ بھی قبول کرلیا ہے۔ایف بی آئی جانچ کی تفصیل دلچسپ ہے۔کس بے شرمی سے 2010ء کا ورلڈ کپ ساؤتھ افریقہ کو دینے کے لئے رشوت مانگی گئی تھی۔ کس طرح ایک افسر نے فیفا کے پیسوں سے ایک کریبیائی جزیرے میں وسیع اسٹیڈیم بنوایااور پھر اسے اپنے نام کراکر اس کو پارٹیوں کے لئے کرائے پر اٹھا رہا ہے۔ ویسے ایف بی آئی کے اس انکشاف کا ایک سفارتی پہلو بھی ہے۔روسی صدر ولادیمیر پوتن کا کہنا ہے کہ امریکہ یہ تماشہ اس لئے کھڑا کررہا ہے تاکہ 2016ء کا ورلڈ کپ انعقاد روس سے چھن جائے اور کسی اور دیش کو دے دیا جائے۔ اس انکشاف سے تمام دنیا کے فٹبال شائقین دکھی ہیں۔
(انل نریندر)

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

’’مجھے تو اپنوں نے لوٹا غیروں میں کہاں دم تھا۔۔ میری کشتی وہاں ڈوبی جہاں پانی بہت کم تھا‘‘

’وائف سواپنگ‘ یعنی بیویوں کی ادلہ بدلی کامقدمہ

آخر کتنے دن کی جنگ لڑ سکتی ہے ہماری فوج؟