نیس کی سنئے !تم معمولی اداکارہ ہو پریتی غائب کرادوں گا
کبھی دیش بھر میں لَو برڈ کے طور پر مشہور فلم اداکارہ پریتی زنٹا اور نیس واڈیا کی لو اسٹوری آخر نفرت کی کہانی میں کیوں بدل گئی؟ لو اسٹوری ایسی بگڑی کے پریتی زنٹا کو نیس واڈیا کے خلاف پولیس تھانے جاکر باقاعدہ ایف آئی آر درج کرانی پڑی؟ سب سے پہلے بتا دیں کہ یہ نیس واڈیا کون ہیں؟ نیس واڈیا کاروبار سمیت فیشن دنیا کا جانا مانا نام ہے۔ وہ نسلی واڈیا اور مورین واڈیا کے صاحبزادے ہیں۔ وہ محمد علی جناح کاپڑپوتے ہیں۔پریتا زنٹانے اپنے پرانے دوست نیس واڈیا کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ ایف آئی آر میں پریتا کا کہنا ہے کہ نیس نے مجھے بھدی گالیاں دیں ، دھمکی دیتے ہوئے کہا تم ایک معمولی اداکارہ ہو میں بہت طاقتور ہوں ، تمہیں غائب کرا دوں گا۔ پریتی کی شکایت پر ممبئی کے مرین ڈرائیور تھانے میں جمعہ کی رات مقدمہ درج کیا گیا۔ سنیچر کو پریتی نے صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کسی کو نقصان پہنچانے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں ہے بس اپنی سلامتی کی فکر ہے۔ معاملہ30 مئی کا ہے ، ممبئی کے وانکھڑے اسٹیڈیم میں پریتی (39 سال) اور نیس واڈیا (44 سال) کی ٹیم کنگس الیون پنجاب کا چنئی سپر کنگس سے میچ تھا۔ شکایت کے مطابق واڈیا سے تنازعے کے وقت آئی پی ایل کے سی ای او سندر رمن کنگس الیون کے کچھ کھلاڑی اور وانکھڑے اسٹیڈیم کے کئی اسٹاف ممبر موجود تھے۔ پریتی اور ان کے سابق محبوب کا رشتہ تو کچھ وقت پہلے ہی ختم ہوچکا ہے لیکن ابھی تک دونوں آئی پی ایل ٹیم کنگس الیون پنجاب میں ساتھی مالک کے طور پر قائم ہیں۔ پریتی کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیس واڈیا نے کئی موقعوں پر انہیں ٹارچر کیا۔ یہ ہی نہیں یہ بھی افسوسناک ہے کہ اس وقت وہاں موجود لوگوں نے ان کی کوئی مدد نہیں کی۔ جھگڑے کی آخری بار گذشتہ 30 مئی کو اس وقت سامنے آئی تھی جب نیس واڈیا اور ان کا خاندان تھوڑی دیر سے اسٹیڈیم پہنچا تھا۔ ٹیموں کے مالکان کے لئے سیٹیں ریزرو ہوتی ہیں لیکن اس دن شاید نیس کے کنبے کو کچھ دیر تک سیٹوں کے لئے انتظار کرنا پڑا۔ نیس اس بات سے ناراض ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ پریتی کے مہمان آگے کی لائن میں سبھی ریزرو سیٹوں پر بیٹھ گئے اور انہیں انتظار کرنا پڑاتھا۔ اب نیس کی طرف سے بھی بیان آیا ہے کہ پریتی کے لگائے گئے الزام غلط اور بے بنیاد ہیں وہ اس کے خلاف مقدمہ اور شکایت کریں گے۔ نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر واڈیا کے قریبی نے بتایا نیس خاندان نے پویلین میں 14 سیٹیں بک کرائی تھیں وہ اسی وقت ناراض ہوگئے جب انہوں نے دیکھا کے ان کی ماں مورین واڈیا کھڑی تھیں اور سبھی سیٹوں پر پریتی اور ان کے مہمان بیٹھے ہوئے تھے۔ اس کے بعد واڈیا کی اپنی ماں کے تئیں خیر سگالی نہ دکھانے کولیکر پریتی سے ان کی بحث ہوگئی جسے چھیڑ چھاڑ کے معاملے کی شکل دے دی گئی۔اصل میں معاملہ کیا ہے یہ تو پولیس جانچ کے بعد ہی پتہ چلے گا۔ ممبئی پولیس نے اس معاملے میں دو لوگوں کے بیان درج کئے ہیں۔ پریتی دیش سے باہر ہیں اس لئے ان کا بیان نہیں ہوسکا۔ جن دولوگوں کے بیان درج کئے گئے ہیں وہ 30 مئی کو اس مبینہ واردات کے وقت پویلین میں موجود تھے۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دیکھنا چاہتی ہے۔ پولیس افسروں کا کہنا ہے کافی کچھ ثبوت اکٹھے کرنے کے بعد ہی نیس واڈیا کو سمن جاری کیا جائے گا۔ پولیس نے 354 (چھیڑ چھاڑ) 504 (بے عزت کرنا) 506 (دھمکانا)509 (فحش حرکتیں کرنا) کے تحت کیس درج کیا ہے۔ اگر یہ الزام ثابت ہوجاتے ہیں تو ان کو تین سال کی سزا ہوسکتی ہے۔
(انل نریندر)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں