داؤد ابراہیم نے وسیم رضوی کے قتل کی سفارش کی

دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے اترپردیش کے شیعہ سینٹرل وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی کو مارنے کی سازش کا پردہ فاش کیا ہے۔ جمعہ کو اسپیشل سیل نے رضوی کے قتل کی سازش میں لگی ڈی کمپنی کے تین گرگوں کو گرفتار کیا ہے۔ تینوں ملزمان کو پولیس نے یوپی کے بلند شہر علاقہ میں گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق پاکستان میں بیٹھے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم نے چھوٹا شکیل کے ذریعے وسیم رضوی کو مارنے کے لئے ان بدمعاشوں کو ذمہ داری دی تھی۔ یہ انکشاف دہلی پولیس کے اسپیشل ڈی سی پی پرمود کشواہا نے کیا ۔ گزشتہ مارچ کو تینوں نے رضوی کو لکھنؤ میں واقع دفتر کی ٹھو لی تھی۔ کشواہا نے بتایا کہ پولیس کو جانکاری مل رہی تھی کہ بھگوڑا داؤد ابراہیم بھارت میں بڑی واردات کرنے کے فراق میں ہے۔ اس کے بعد پولیس نے اس کے گرگوں پر نظر رکھنی شروع کردی۔ اسی دوران فون پر ہوئی بات چیت کی بنیادپر پتہ چلا کہ بلند شہر کے کچھ بدمعاشوں نے وسیم رضوی کے قتل کی سازش شروع کردی ہے۔ اس پر پولیس نے 12 اپریل کو بلند شہر علاقہ میں سلیم احمد انصاری، ابرار ،عارف کو گرفتار کرلیا۔ ان کا ایک اور ساتھی فی الحال فرار ہے۔ گزشتہ دسمبر میں سلیم دبئی گیا تھا جہاں اس کی ملاقات داؤد کے داہنے ہاتھ چھوٹا شکیل کے ساتھی سے ہوئی تھی۔ اس نے وسیم رضوی کو مارنے کے لئے تین ہزار درہم (53000 ) پیشگی کے طور پر پیسے دئے تھے۔ یہ رقم حوالہ کے ذریعے سلیم کو ملی تھی۔ شکیل کے ساتھی نے سلیم سے کہا تھا پہلا وکٹ گراؤ تمہیں مالا مال کردیں گے۔ اس کے بعد بھارت لوٹ کر اس نے اس سازش کو انجام دینے کا کام شروع کردیا۔ سلیم احمد نے وسیم رضوی کے لکھنؤ میں واقع دفتر کی 10سے12 بار ٹھو لی تھی۔ اس نے دفتر کا پورا نقشہ بنا رکھا تھا۔ وہ اپنے سازشیوں کے ساتھ شکایتی بن کر رضوی کے پاس جاتا اور موقعہ ملتے ہی انہیں گولی مار دیتا۔ واردات کے بعد اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ داؤد کے ایک رشتے دار کے یہاں جاتا جہاں انہیں سپاری کی بقایا رقم ملنی تھی۔ دراصل وسیم رضوی داؤد ابراہیم اور ان کے گرگوں کی آنکھ کی کرکری تبھی سے بنے ہوئے تھے جب کچھ دن پہلے وسیم رضوی نے رام مندر بنانے کو لیکر چل رہے تنازع پربیان دیا تھا۔ ان کا یہ بیان رام مندر کے حق میں تھا جس کے چلتے ڈان داؤد ابراہیم انہیں سبق سکھانا چاہتا تھا۔ اسپیشل سیل کے ڈی سی پی نے بتایا کہ ہماری ٹیم کو مارچ میں اطلاع ملی تھی کہ کچھ بدمعاش انڈر ورلڈ کے اشارہ پر رضوی کو قتل کرنے کی سازش میں لگے ہوئے ہیں۔ واردات سے پتہ چلتا ہے کہ بیشک داؤد پاکستان میں بیٹھا ہو لیکن وہ بھارت میں کیا ہورہا ہے اس پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے۔ یہ سازش تو ناکام کردی گئی ہے۔ اسپیشل سیل نے کہا کہ خطرہ برقرار ہے۔
(انل نریندر)

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

’’مجھے تو اپنوں نے لوٹا غیروں میں کہاں دم تھا۔۔ میری کشتی وہاں ڈوبی جہاں پانی بہت کم تھا‘‘

’وائف سواپنگ‘ یعنی بیویوں کی ادلہ بدلی کامقدمہ

آخر کتنے دن کی جنگ لڑ سکتی ہے ہماری فوج؟