اقتدار میں آنے پر سپا مبینہ غنڈوں کو سبق سکھائیں گے:مایاوتی

اترپردیش میں قانون انتظام کے حالات بدسے بدتر ہوتے جارہے ہیں اور اکھلیش یادو سرکار کی کرکری ہوتی جارہی ہے۔ اب جنتا یہاں تک کہنے لگی ہے کہ اس سے تو اچھی مایاوتی سرکار تھی کم سے کم غنڈوں میں تو خوف تھا۔ مایاوتی نے پردیش سرکار کے خلاف تلخ تیور دکھاتے ہوئے خبردار کیا کہ بسپا کو اقتدار ملا تو قانون توڑنے اور دلتوں کو ستانے والوں کو ایسا سبق سکھایا جائے گا کہ وہ یاد رکھیں گے۔ قانون و انتظام کو پوری طرح چوپٹ قراردیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپا سرکار کے ایک سال کے عہد میں ہی جنتا پریشان ہونے لگی ہے۔ سپا کے غنڈے بدمعاشوں اور شرارتی عناصر کا راج چل رہا ہے۔ ڈاکٹرا مبیڈکر کی 122ویں جینتی پر لکھنؤ کے گومتی نگر میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر سماجک پریورتن استھل پرمنعقدہ شردھانجلی میں بہن جی نے کہا کہ سپا نے جن بے زمینوں کو سرکاری زمین پٹے پر دی تھی سرکار بدلتے ہی سپا لیڈروں نے اس پر قبضہ کرنا شروع کردیا اور فصل کاٹ لی۔ مایاوتی نے کہا بسپا کی سرکار بننے پر دلتوں اور پسماندہ کی زمین پر قبضہ کرنے والے سپا کے غنڈوں کو سبق سکھایا جائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا سپا کے ایک سالہ عہد میں سب سے زیادہ فساد ہوئے۔مایاوتی اکیلی نہیں جو سپا سرکار کو نشانہ بنا رہی ہیں ، اترپردیش اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سوامی پرساد موریہ نے کہا صوبے میں اس وقت چل رہی سپا سرکار گونگی بہری اور اندھی ،تماش بین حکومت ہے اور وہاں سرکار تو مافیہ چلا رہا ہے۔ یہ ہی وجہ ہے کہ غنڈوں پر کارروائی کی جگہ سرکار ان کی سرپرستی کررہی ہے۔ صوبے میں قانون و انتظام نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور ریاست میں قانون و انتظام کا حال تو یہ ہے کہ بلند شہر میں بدفعلی کی شکار لڑکی کو حوالات میں بند کرنے کے معاملے میں خفت جھیل چکی یوپی پولیس سدھرنے کا نام نہیں لے رہی ہے اور وہ ملزمان پر کارروائی کے بجائے متاثرہ لڑکی کے والد کو اٹھاکر لے گئی اور انہیں بیان بدلنے کے لئے پیٹا گیا۔ ڈی آئی جی مراد آباد امرندر کمار نے ملزم تھانیدار، دروغہ اور مہلا کانسٹیبل کو معطل کردیا ہے۔ یہ ہی نہیں اپنے سیاسی حریفوں کو کس طرح اذیت دی جارہی ہے ،بدلے کی کارروائی کی جارہی ہے، اس کی تازہ مثال ممبر پارلیمنٹ جیہ پردہ سے برتاؤ ہے۔ناجائز طور پر لال بتی لگانے کے الزام میں رامپور کے اے آر ٹی او کیلاش چندر پرتاپ یادو نے جیہ پردہ پر پانچ ہزار روپے جرمانہ لگایا ہے۔ انہوں نے کہا اگر ایک ماہ کے اندر جرمانہ کی رقم جمع نہیں کرائی گئی تو رامپور میں گھر میں کھڑی کار ضبط کرلی جائے گی۔ سماجوادی پارٹی کے سابق لیڈر اور لوک منچ کے کنوینر امرسنگھ نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس بے عزتی کے پیچھے سپا کیبنٹ کے وزیر اعظم خاں ہیں۔ انہوں نے اعظم کو وزارت سے برطرف کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہا جب تک وہ کیبنٹ میں رہیں گے عورتوں کے ساتھ بدسلوکی نہیں رک سکتی۔ قابل ذکر ہے اے آر ٹی او نے پولیس فورس کی موجودگی میں ایم پی جیہ پردہ کے کیمپ دفتر کے باہر کھڑی گاڑی سے لال بتی اتار لی۔ اتنا ہی نہیں ناجائز طور سے لال بتی لگانے پر گاڑی کا چالان بھی کردیا۔صوبے کی اکھلیش سرکار کو سبھی مورچوں پر ناکام قرار دیتے ہوئے ریاست کی جنتا نے کافی توقعات سے اکھلیش کو ووٹ دیا تھا لیکن اس نے لوگوں کو مایوس کیا ہے۔ پنیا کا کہنا ہے وزیراعلی مرکز کے پیسے کو ریاستی حکومت کے نام پر خرچ کر جنتا کو گمراہ کررہے ہیں۔ آج پردیش کی جنتا پوری طرح غیر محفوظ ہے اور خوف اور دہشت کے سائے میں جینے پر مجبور ہے۔ سپا ہمیشہ سے ہی غنڈہ گردوں کی سرپرست رہی ہے۔ آج سپا ورکروں نے صوبے میں جو غنڈہ گردی پھیلا رکھی ہے وہ کسی سے چھپی نہیں ہے۔ بدقسمتی کی بات یہ ہے موجودہ سرکار اسے روکنے میں کامیاب ہوتی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔

(انل نریندر)

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

’’مجھے تو اپنوں نے لوٹا غیروں میں کہاں دم تھا۔۔ میری کشتی وہاں ڈوبی جہاں پانی بہت کم تھا‘‘

’وائف سواپنگ‘ یعنی بیویوں کی ادلہ بدلی کامقدمہ

سیکس ،ویڈیو اور وصولی!