پونٹی چڈھا کی طرز پر دیپک بھاردواج کا قتل
ریئل اسٹریٹ اور شراب کے بڑے تاجر پونٹی چڈھا قتل کی طرح ہی منگلوار کی صبح ساؤتھ دہلی کے رجوکڑی علاقے کے ارب پتی بلڈر و کاروباری دیپک بھاردواج کو ان کے فارم ہاؤس میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ قومی شاہراہ نمبر8 پر واقع نتیش کنج ہوٹل کے احاطے میں ایک اسکویڈا کار میں آئے تین بدمعاش بھاردواج کو گولی مارکر ہریانہ کی طرف فرار ہوگئے۔ بدمعاشوں نے کار پر ماروتی وین کی فرضی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی۔ دیپک بھاردواج نے 2009ء میں مغربی دہلی سے لوک سبھا کا چناؤ بسپا کے ٹکٹ پر لڑا تھا۔تب ان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کے سبب لوک سبھا کے مقبول امیدواروں میں تھے۔حالانکہ وہ کانگریس کے مہاول مشرا سے چناؤ ہار گئے تھے۔ پولیس کمشنر نیرج کمار نے بتایا کہ صبح8:55 منٹ پر سلور کلر کی اسکویڈا کار میں سوار تین لڑکے رجوکڑی علاقے میں نتیش کنج نامی فارم ہاؤس میں داخل ہوئے۔ وہ شادی کے لئے بکنگ کرانے کے بہانے آئے تھے۔ گیٹ پر انہوں نے گیٹ پرانہوں نے سمت نام سے انٹری بھی کی تھی۔ اس کے بعد کار میں سوار ہوکر اندر چلے گئے۔ صبح تقریباً9:10 منٹ پر گولی چلنے کی آواز آئی۔ اندر کام کرنے والی ایک خاتون جس کا نام آرتی بتایا جاتا ہے، نے آواز لگائی کے اس کے مالک کو گولی مار دی گئی ہے۔ فارم ہاؤس میں تعینات گارڈوں نے بدمعاشوں کو روکنے کی کوشش کی لیکن بدمعاش پستول دکھا کر کار سے فرار ہوگئے ۔ ابھی تک ان کے قتل کی وجہ واضح نہیں ہو پائی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ آپسی رنجش یا پراپرٹی کا جھگڑا واردات کا سبب ہوسکتا ہے۔ دہلی پولیس کے اسپیشل کمشنر لا اینڈ آرڈر دیپک مشرا نے بتایا سی سی ٹی وی فٹیج سے حملہ آوروں کی پہچان کی جاچکی ہے۔ جانچ میں ابھی تک یہ لگ رہا ہے کہ ملزم گوڑگاؤں کی طرف فرار ہوئے ہیں۔تازہ اطلاع یہ ہے کہ پولیس نے ہریانہ میں دبش دے کر تین ملزموں کو گرفتار کیا ہے جن کو وہ دہلی لے آئی ہے۔ دیپک بھاردواج سیلف میڈ انسان تھے۔ انہوں نے 30 سال پہلے ایک اسٹینوگرافر کی شکل میں اپنی نوکری کا آغاز کیا تھا بعد میں وہ دہلی ایئر پورٹ کے آس پاس گاؤں میں پراپرٹی کے کام سے جڑ گئے۔ ان کا کاروبار فارم ہاؤس ، ہاؤسنگ، اسکول وغیرہ سیکٹرمیں پھیلا ہوا تھا۔ دیپک بھاردواج نے 2009ء کے چناؤ میں اپنے حلف نامے میں بتایا تھا کہ وہ603 کروڑ روپے کی پراپرٹی کے مالک ہیں اور 368 کروڑ روپے کی ان کے پاس کھیتی کی زمین ہے۔29 کروڑ کی عمارتیں ہیں۔ دیپک بھاردواج کے دو بیٹے ہیں۔ بڑا بیٹا ہتیش عرف سونو،وسنت وہار میں پریوار کے ساتھ رہتا ہے۔ ان سے دیپک کا تناؤ چل رہاتھا۔ بات چیت بھی بند تھی۔ ہتیش کی پہلی شادی شاہدرہ میں ہوئی تھی لیکن بیوی سے ان کا طلاق ہوگیا۔ دوسرا بیٹا نتیش ماں اور بیوی بچوں کے ساتھ دواکا سیکٹر 22 میں نو سنسد اپارٹمنٹ میں رہتا ہے۔ نتیش کنج کمپلیکس میں بھاردواج اکیلے ہی رہتے تھے۔گھر والوں کے مطابق نتیش کی شادی فلم اداکار شاہ رخ خان کی بیوی گوری خان کی موسیری بہن پرینکا تیواری سے ہوئی ہے۔ پولیس جانچ میں سامنے آیا ہے کہ دیپک بھاردواج کا اپنے رشتے داروں سے بھی پراپرٹی کو لیکر جھگڑا چل رہا تھا۔ زمین قبضانے کے الزام میں ان کے خلاف 2012ء میں مقامی ایس ڈی ایم کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ سیاست میں آنے کے سبب ان کے کئی مخالف بھی بن گئے تھے۔ دیپک ہری دوار میں مال و ٹاؤن شپ بسا رہے تھے۔ ان کے کئی بزنس پارٹنر ہیں۔ پولیس کے مطابق ان کے خلاف ساؤتھ ویسٹ ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی کمشنر نے 15 سال پہلے پانچ ایکڑ زمین پر قبضے کولیکر مقدمہ درج کرایا تھا۔ ان کا کینیڈا او دوبئی میں بھی کاروبار ہے۔ پولیس معاملے کی چھان بین کررہی ہے امید ہے جلد ہی قتل کی گتھی سلجھ جائے گی۔
(انل نریندر)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں