برجپال تیوتیا کو مارنے کیلئے 100گولیاں چلائی تھیں
مراد نگر شوٹ آؤٹ میں بھاجپا نیتا برجپال تیوتیا پر ہوئے حملہ کا معاملہ پولیس نے تقریباً سلجھانے کا دعوی کیا ہے۔ منگل کو حملہ کے اہم ملزم منیش کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس نے11 جون1999 ء کو دہلی میں اپنے والد سریش دیوان کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے تیوتیا پر حملہ کی سازش رچی تھی۔ حملے کا منصوبہ اس سال اپریل میں بنایا گیاتھا جو کئی بار ناکام ہوچکا تھا۔ 2 شارپ شوٹر کو 10-10 لاکھ روپے دیکر انہیں سازش میں شامل کیا گیا تھا۔ منیش کی گرفتاری کے بعد ایس ٹی ایف نے پوری سازش کا پردہ فاش کردیا ہے۔ ایس ٹی ایف کے ایس ٹی ہمانشو کمار نے بتایا کہ منیش نے انکشاف کیا ہے کہ اس کے والد سریش دیوان کو دہلی کے شکر پور تھانہ علاقہ میں ہلاک کردیا گیا تھا اور قتل میں برجپال تیوتیا کو نامزد کیا گیا تھا بعد میں مقدمہ میں فائنل رپورٹ درج کردی گئی تھی۔ اس کے باوجود منیش برجپال تیوتیا کو قتل کا قصوروار مانتا تھا۔ حملے کے بعد سے ہی منیش پولیس سے بچنے کیلئے جگہ بدل رہاتھا اور دو بار سرنڈر کی کوشش بھی کرچکا تھا۔ اس بار بھی منیش عدالت میں سرنڈر کی کوشش میں تھا اسی دوران ایس ٹی ایف کی ٹیم نے مراد نگر علاقے سے اسے گرفتار کرلیا۔ برجپال تیوتیا پر ہوئے قاتلانہ حملہ میں ایس ٹی ایف اور پولیس ٹیم نے اب تک7 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ 4 ماہ سے برجپال تیوتیا کی سکیورٹی کو ذہن میں رکھ کر سازش رچی جا رہی تھی۔ بھاجپا نیتا کے ساتھ چلنے والے بندوقچی کی وجہ سے بڑا گینگ تیار کیا گیاتھا اور بلٹ پروف پزیرو کار کے شیشے توڑنے کیلئے فائنچونر میں کلہاڑی اور ہتھوڑا بھی رکھے گئے تھے۔ ایس ٹی ایف کے ایس پی ہمانشو کمار نے بتایا 11 اگست کو جب برجپال پر حملہ ہوا تھا اس دوران وہ اسکارپیو کار میں سوار تھے۔ ان کی بلٹ پروف پزیرو کی ونڈ شیلڈ کا وائپر کام نہیں کررہا تھا اسی وجہ سے اسکارپیو میں نکلے تھے۔ بدمعاشوں کو برجپال کے پزیرو کار میں سوار نہ ہونے کی اطلاع ملنے پر حملہ کیا تھا۔ ملزمان نے پزیرو کا شیشہ توڑنے کیلئے ہتھوڑا و کلہاڑی کا استعمال کیا تھا۔ ملزمان کا پلان تھا کہ دو لوگ شیشے پر وار کر اسے توڑیں گے اور دیگر دو گولیاں چلا کر حملہ کریں گے۔ گنر ساتھ ہونے کی وجہ سے بڑا گینگ بنا کر جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا تھا۔ اس حملے کے لئے کروڑوں روپے اکٹھا کرنے کے لئے اس نے اپنی زمین بھی بیچ ڈالی تھی۔ پچھلے ایک سال سے وہ حملے کی تیاری کررہا تھا حملے میں برجپال تیوتیا کو 6 گولیاں لگیں جبکہ اس کے ساتھ کار میں بیٹے چار پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ سمیت 5 لوگوں کو بھی گولیاں لگی تھیں۔
(انل نریندر)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں