گردش میں کچھ اداکاروں کے ستارے: سنجے کے بعد اب سلمان

بالی ووڈ کے بڑے اداکاروں کے ستارے آج کل گردش میں چل رہے ہیں۔ پہلے سنجے دت جیل گئے اب سلمان مشکل میں پڑ گئے ہیں۔ 11 سال پرانے ایک کار حادثے کے مقدمے میں ممبئی کے سیشن جج یو بی جند نے انہیں ’ہٹ اینڈ رن‘ کے مقدمے میں غیر ارادتاً قتل کا قصوروار مانا ہے۔ 28 ستمبر 2002ء کو سلمان نے اپنی لینڈ کروزر کار سے باندرہ امریکن ایکسپریس بیکری کے سامنے فٹ پاتھ پر سو رہے چار لوگوں پر گاڑی چڑھا دی تھی۔ اس میں ایک شخص کی موت ہوگئی تھی اور دیگر چار زخمی ہوگئے تھے۔ واردات والے دن سلمان کے خون میں شراب کی مقدار پائی گئی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق اداکار کے خون میں 62 ملی گرام الکوحل تھا جو مطلوب حد سے زیادہ ہے۔ اداکار کے باڈی گارڈ روندر پاٹل نے کورٹ میں کہا تھا کہ حادثے کے وقت سلمان ہی گاڑی چلا رہے تھے۔ پاٹل کی 2007ء میں موت ہوچکی ہے مگر اس کا یہ ریکارڈ بیان اہم کردار نبھا رہا ہے۔ اگر یہ غیرارادتاً قتل کا الزام ثابت ہوجاتا ہے تو سلمان کو زیادہ سے زیادہ10 سال کی سزا ہوسکتی ہے۔ الزام طے کرنے کے بعد جج نے سلمان سے پوچھا کیا آپ کو الزام قبو ل ہے؟ تو سلمان نے کہا میں الزام قبول نہیں کرتا۔ عدالت نے اگلی سماعت کے لئے19 اگست کی تاریخ طے کی ہے۔ اب ان پر مقدمہ چلے گا۔ گواہوں کے بیان درج ہوں گے، وکیل بیانوں پر بحث کریں گے۔ آخر میں 313 کا بیان ہوگا۔ اس میں کورٹ سیدھے سلمان سے پوچھے گی کے وہ اس کیس میں کوئی اور ثبوت یا جانکاری دینا چاہتے ہیں یا نہیں ۔ قصور ثابت ہوا تو سزا ۔ ویسے سلمان کے پاس ابھی بچاؤ کے راستے ہیں۔ کیس میں کئی سال لگ سکتے ہیں اور اگر فیصلہ ان کے خلاف آتا ہے تو وہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ جا سکتے ہیں۔ ہٹ اینڈ رن کے کئی اور قصے اخباروں کی سرخیاں بن چکے ہیں۔ 2011ء میں اداکار رونت رائے نے اپنی مرسڈیز کار کو ٹکر ماردی جس میں تین لوگ زخمی ہوئے۔ تیز گاڑی چلانے کے الزام میں اداکار جان ابراہم 15 دن کی سزا کاٹ چکے ہیں۔1999 ء میں مشہور اداکارسنجیو نندا کی کہانی تو بچہ بچہ جانتا ہے۔ نندا کی بی ایم ڈبلیو کار نے تین پولیس والوں سمیت 6 لوگوں کو کچل دیا تھا۔ انہیں 2 سال کی سزا ہوئی تھی۔ دہلی میں پچھلے 15 سالوں میں 340 ہٹ اینڈ رن معاملوں میں 347 لوگوں کی جان گئی۔ فلم اداکار سلمان خاں پر الزام لگنے سے بالی ووڈ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ سلمان خاں پر بالی ووڈ کے تقریباً 700 کروڑ روپے لگے ہیں۔ فی الحال تو وہ اپنے بھائی سہیل خاں کی 130 کروڑ کی لاگت سے بن رہی فلم ’مینٹل‘ پوری کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ فلم ڈائریکٹر کے ۔ بی ۔شومین ، سبھاش گھئی کی فلم پروڈیوسر بونی کپور کی فلم ’اینٹری‘ میں کام کرنے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ لیلا بھنسالی کے فلم ’گبر‘ کے علاوہ فلم’پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو‘ اور فلم ’او ہ تیری‘ میں بھی بطور مہمان اداکار کام کررہے ہیں۔ کلرس چینل کے رئلٹی شو بگ باس کے نئے سیزن میں بھی وہ نظر آنے والے ہیں۔ اس شو کی فی قسط کے لئے وہ تقریباً8 کروڑ روپے لیتے ہیں۔انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ایک پروڈکٹ کے اشتہار کے لئے کم سے کم 7 کروڑ روپے لیتے ہیں۔ بھورے رنگ کی شرٹ اور کالی پینٹ فورمل ڈریس میں سلمان بدھوار کی صبح کالا گھوڑا کی سیشن کورٹ کمپلیکس میں وقت سے کافی پہلے پہنچ گئے تھے۔ ان کے ساتھ ان کی دونوں بہنیں اور ان کے وکیلوں کی ٹیم بھی تھی۔
(انل نریندر)

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

’’مجھے تو اپنوں نے لوٹا غیروں میں کہاں دم تھا۔۔ میری کشتی وہاں ڈوبی جہاں پانی بہت کم تھا‘‘

’وائف سواپنگ‘ یعنی بیویوں کی ادلہ بدلی کامقدمہ

ہریانہ میں غیر جاٹوں کے بھروسے بھاجپا!