سی جی ایم کی بیوی گیتانجلی کا قتل یا خودکشی؟
گوڑ گاؤں کے سی جی ایم رونیت گرگ کی اہلیہ گیتانجلی کی موت کا معاملہ الجھتا جارہا ہے۔ وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا نے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو سخت کارروائی کے احکامات دئے ہیں لیکن گیتانجلی کے رشتے دار اسے لیکرمطمئن نہیں لگتے اور وہ اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کی مانگ کررہے ہیں۔ سی جی ایم کی بیوی گیتانجلی کی لاش 16 جولائی کو ان کے گھر کے پاس ملی تھی۔ پنچکولہ کے باشندے گیتانجلی کے والد اوم پرکاش اگروال اور ماں شیلاوتی، بہن گارگی نے گیتانجلی کے قتل کی سازش کا الزام لگایا ہے۔ اوم پرکاش اگروال نے بھی الزام لگایا کے چنڈی گڑھ کے ریٹائرڈ سیشن جج و گیتانجلی کے سسر کے ۔کے۔ گرگ نے سب سے زیادہ ان کی بیٹی کو پریشان کیا ہے۔ انہوں نے کہا میں نے تقریباً ساڑھے تین بجے گیتانجلی سے ٹیلیفون پر بات کی تھی۔ تب ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا جس سے لگے کے وہ خودکشی کر لے گی۔ اگروال کا کہنا ہے کہ پولیس نے اسے خودکشی کا معاملہ بنانے کی کوشش کی تھی لیکن دباؤکے چلتے قتل کا کیس درج کرلیا گیا۔انہوں نے کہا رونیت گرگ و اس کے خاندان کے لوگ بااثر ہیں اور وہ مقامی پولیس کی جانچ کومتاثر کرسکتے ہیں۔ ایک رشتے دار نے بتایا گیتانجلی نے واردات والے دن شام 7 بجے گھر فون کیاتھا۔ رونیت گرگ کی چچیری بہن نے فون اٹھا کر کہا تھا کہ مامی ابھی مارکیٹ گئی ہے جبکہ اس سے کافی پہلے گیتانجلی کی موت ہوچکی تھی۔ گیتانجلی کی ماں شیلا وتی ، مامی سریتا اگروال کا کہنا ہے گیتانجلی کی موت سے پہلے جس طرح گڑ گاؤں والے گھر میں نوکروں کو چھٹی پر بھیجا گیا ، وہ بھی شک پیدا کرتا ہے۔ گیتانجلی کے پھوپھی زاد بھائی راکیش گرگ نے میڈیا کو بتایا کہ سی جی ایم رونیت گرگ کے کسی لڑکی کے ساتھ ناجائز رشتے تھے اسی کے چلتے گیتانجلی کو پریشان کیا جارہا تھا۔ ادھر سنیچر کی شام سوا سات بجے سے رات سوا گیارہ بجے تک سی جی ایم سے ایس آئی ٹی نے پالم وہار میں واقع دفتر میں پوچھ تاچھ کی۔ اس دوران اسے اپنے 20 سوالوں کے پختہ جواب نہیں مل پائے۔ سی جی ایم نے واردات کے وقت کورٹ میں ہونے کی بات کہی ہے۔ بیوی سے کسی طرح کی لڑائی سے رونیت نے صاف انکارکیا ہے ساتھ ہی گیتانجلی کے رشتے داروں کے الزامات کو سرے سے مسترد کردیا۔ ایس آئی ٹی نے سی جی ایم کے ڈرائیور اوربندوقچی سے الگ الگ بات چیت کی ہے۔ بدھوار کی شام پانچ بجے پولیس لائن میں گیتانجلی کی لاش ملی تھی جس کی شناخت کافی دیر بعد سی جی ایم رونیت گرگ نے اپنی بیوی گیتانجلی کی شکل میں کی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گیتانجلی کو تین گولیاں لگنے اور سر کے پیچھے زخم ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ ایس آئی ٹی کو ریوالور سے فائر کی گئی گولی کے خول ابھی تک نہیں ملے ہیں حالانکہ پولیس نے تین لیپ ٹاپ ریوالور کا لائسنس اور گیتانجلی کا موبائل قبضے میں لے لیا ہے۔ رشتے داروں اور سی جی ایم کی ماں سے بھی پولیس نے پوچھ تاچھ کی ہے۔تازہ خبر کے مطابق پولیس کو شبہ ہے جانچ رونیت گرگ کی چچیری بہن حنا کے اردگرد گھوم رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے اس نے بیان میں غلط جانکاری دی تھی اس سے لگتا ہے کہ وہ کچھ چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔ غور طلب ہے کہ گیتانجلی کے رشتے داروں کے ساتھ چنڈی گڑھ کے سیکٹر 25 میں واقع 63 نمبر کی کوٹھی میں رہتی تھی۔ واردات کے تین دن پہلے ہی وہ گوڑ گاؤں آئی تھی۔ رونیت پر اس کی زیادتیوں کے الزام گیتانجلی کے رشتے دار پہلے ہی لگا چکے ہیں۔ معاملہ قتل کا ہے یا خودکشی کا یہ تو آنے والے دنوں میں پتہ چل جائے گا۔
(انل نریندر)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں