مجبور ماں نے اختیار کیاآخری متبادل
ایم ڈی ایل آر ایئر لائنس کی سابق ایئر ہوسٹس گتیکا شرما کا خاندان اس کے سوسائڈ نوٹ سے ابھی تک صدمے سے نجات نہیں حاصل کرپایا تھا کہ اس کے خاندان میں ایک اورٹریجڈی ہوگئی۔ گتیکا کی ماں انورادھا شرما نے بھی پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ ان کے بعد انورادھا کے شوہر اور ان کا بیٹا انکت بچا ہے۔ پتہ لگا ہے کہ انورادھا نے بھی اسی کمرے میں پھانسی لگائی جس کمرے میں پچھلے سال4 اگست کی رات کو ان کی بیٹی پنکھے سے لٹکی پائی گئی۔ جس وقت انورادھا نے خودکشی کی اس وقت گھر میں کوئی نہیں تھا۔ انورادھا نے اپنے خودکشی نامے میں اپنی موت کی وجہ ایم ڈی ایل آر ایئر لائنس کے مالک گوپال گوئل کانڈا اور ان کی کمپنی کے کبھی ایچ آر منیجر کے طور پر کام کرنے والی افسر ارون چڈھا کو ذمہ دار بتایا ہے۔ سوسائڈ نوٹ میں اور بھی کئی سنگین باتیں لکھی ہیں جن کی پولیس جانچ کررہی ہے۔ متوفی خاتون انورادھا شرما نے اپنے خودکشی نامے میں لکھاہے ’’میں اپنی زندگی اس لئے ختم کررہی ہوں کیونکہ میں اندر ہی اندر کشیدگی سے ٹوٹ چکی ہوں لہٰذا میں آج اپنی زندگی ختم کرنے جارہی ہوں۔ میرا بھروسہ ٹوٹ چکا ہے۔ میرے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔ دو شخص میری موت کے لئے ذمہ دار ہیں ارون چڈھا اور گوپال کانڈا۔ دونوں نے میرا بھروسہ توڑا اور اپنے فائدے کے لئے میرا استعمال کیا۔ انہوں نے میری زندگی برباد کردی اور اب میرے خاندان کو برباد کرنا چاہتے ہیں۔ میرا خاندان بہت بھولا ہے۔‘‘ سوال یہ ہے کہ گوپال کانڈا تو اس وقت جیل بند ہے۔ دہلی پولیس گوپال کانڈا اور ارون چڈھا کے خلاف چارج شیٹ داخل کرچکی ہے اور روہنی کورٹ میں الزام پر بحث ہونی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے گوپال کانڈا کو بچانے کے لئے اب ان کے با اثر لوگ حرکت میں آگئے ہیں۔ الزام ہے کہ کیس میں سمجھوتہ کرانے کو لگاتار دباؤ ڈالا جارہا تھا جن میں کچھ ایک پولیس افسر بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔ کانڈا کی حمایت کرنے والوں میں شامل پولیس افسر ہریانہ کے ہیں۔ ادھر دہلی پولیس کے سینئر افسروں کا کہنا ہے اس طرح کی کوئی شکایت گتیکا کے خاندانوں تک نہیں پہنچائی گئی۔ گتیکا کے بھائی نے دھمکی ملنے کے بعد الزام لگایا تھا کہ اس کو پولیس پروٹیکشن کی پیشکش کی گئی تھی۔ انورادھا کی موت کی وجہ کیا رہی اس بات کی جانچ جاری ہے۔ سوسائڈ نوٹ کی بنیاد پر خودکشی کے لئے اکسانے ، گواہوں پر دباؤ ڈالنے، دھمکانے کا کیس درج کیا جائے گا۔ وہیں خاندان سے جڑے ذرائع کا کہنا ہے گوپال کانڈا کو سزا میں ہورہی دیری کی وجہ بھی گتیکا کی ماں کی خودکشی کا سبب ہے۔ اسے بے چینی کہیں یا قانونی شکنجے کے اور زیادہ کسنے کا ڈر۔ تہاڑ جیل میں بند گوپال کانڈا کو جیسے ہی گتیکا کی ماں انورادھا کی خودکشی کا پتہ چلا تو وہ ہکا بکا رہ گیا اور کچھ دیر ماتھا پکڑے بت بن کر بیٹھا رہا۔ بے چینی کا عالم تب اور بڑھ گیا جب اسے پتہ چلا انورادھا نے مرنے سے پہلے ایک سوسائڈ نوٹ بھی چھوڑا ہے۔ اس تکلیف دہ واقعہ پر سب سے بڑا دکھ یہ ہے کہ پورا خاندان ہی تباہ ہوگیا ہے۔
(انل نریندر)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں