گیلانی کوپاسپورٹ جاری کرنے پر سیاست تیز ہوئی
کٹر پسند حریت لیڈرسید علی شاہ گیلانی کو پاسپورٹ جاری کرنے کے اشو پر بحث تیز ہوگئی ہے۔ اپنی ساتھی پارٹی بی جے پی کے اعتراضات کو نظر انداز کرتے ہوئے پی ڈی پی چیف محبوبہ مفتی نے انسانی بنیاد پر گیلانی کے لئے پاسپورٹ کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مرکزی سرکار اور وزارت داخلہ سے اس کے لئے اپیل کریں گے۔ وہیں نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا کہ اسے اشو کیوں بنایا جارہا ہے جب انہیں پہلے بھی پاسپورٹ دیا گیا ہے۔ حریت نیتا گیلانی نے سعودی عرب میں اپنی بیمار بیٹی سے ملنے کے لئے پاسپورٹ جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ کانگریس نے کہا گیلانی کو اپنی بیمار بیٹی سے ملنے جانے کیلئے پاسپورٹ جاری کرنے کی ان کی درخواست پر فیصلہ لینے کے وقت مناسب خانہ پوری کی تعمیل کی جانی چاہئے۔ کانگریس سکریٹری جنرل شکیل احمد نے سرینگر میں کہا ایک متعین کاروائی ہے جس کی کسی بھی شخص کو پاسپورٹ جاری کرنے کے دوران تعمیل کی جاتی ہے۔ بی جے پی نے کہا کہ گیلانی کودیش مخالف سرگرمیوں کے لئے معافی مانگی چاہئے اور اعتراف کرنا چاہئے کہ وہ ایک ہندوستانی ہے اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو انہیں ہندوستانی پاسپورٹ دیا جائے گا۔ بی جے پی ترجمان خالد جہانگیر نے کہا کہ جب تک آپ یہ تسلیم نہیں کرتے کہ آپ بھارت کے شہری ہیں اور بھارت کے آئین میں آپ کی وفاداری ہے تب تک آپ ہندوستانی پاسپورٹ کے لئے کیسے درخواست دے سکتے ہیں؟ اس کے علاوہ پی ایم او میں وزیر مملکت جتندر سنگھ نے کہا کہ علیحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی دیش مخالف سرگرمیوں کیلئے معافی مانگ کر ہندوستانی ہونا تسلیم کریں اس کے بعد ہی وہ پاسپورٹ کے حقدار ہیں۔ ادھر وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے کہا کہ گیلانی کی طرف سے پاسپورٹ کی ادھوری درخواست ملی ہے اس میں نہ تو بایو میٹرک ہے اور نہ ہی ان کا فوٹو ہے۔ ان کے ساتھ ہی اس کے لئے ضروری فیس بھی جمع نہیں کرائی گئی ہے۔ ایسے ادھورے پاسپورٹ کی درخواست پر غور کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس کے پہلے مرکزی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بھی صاف کردیا تھا کہ سبھی خانہ پوری ہونے کے بعد ہی اس پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا جب بھی وزارت داخلہ کے پاس یہ معاملہ آئے گا ہم اس کے نفع نقصان کی بنیاد پر معاملے کی جانچ کریں گے۔ گیلانی اپنی بیمار بیٹی کو دیکھنے کے لئے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پاسپورٹ کے لئے آن لائن درخواست دی ہے لیکن وہ اپنے بایو میٹرک ڈاٹا اور فوٹو گراف کے لئے ابھی تک سرینگر کے زونل پاسپورٹ آفس تک نہیں گئے۔ قواعد کے مطابق درخواست دینے کے لئے شخصی طور سے پاسپورٹ دفتر جاکر بایو میٹرک اور فوٹ گراف دینے ضروری ہیں۔ گیلانی پہلے پاسپورٹ کی کارروائی کو پورا کریں گے تو پھر پاسپورٹ جاری کرنے پر غور ہوگا۔
(انل نریندر)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں