نظام بدلتے ہی بھول گئے پتھر بازی،آتنکیوں کی اب خیر نہیں
نظام بدلتے ہی کشمیروادی میں تبدیلی دیکھنے کوملی ہے۔ گورنر راج میں علیحدگی پسندوں کی طرف سے بند کی پہلی اپیل پر جمعرات کو پوری وادی میں کہیں بھی پتھر بازی کا واقعہ سامنے نہیں آیا۔ اتنا ہی نہیں علیحدگی پسندوں کے گڑھ ڈاؤن ٹاؤن میں پابندیاں بھی نہیں رہیں۔عموماً بند کے دوران سکیورٹی فورس پر پتھر بازی کے واقعات ہوتے رہے ہیں۔ بم بم بھولے جے گھوش کے ساتھ 28 جون سے شروع ہورہی امرناتھ یاترا کے لئے الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ جموں و کشمیر کے اینٹری گیٹ لکھن پور سے پوتر گپھا تک یاترا کی تیاریوں کو آخری شکل دے دی گئی ہے۔ بیس کیمپوں سمیت دیگر یاترا ٹریک پر سکیورٹی فورس نے ڈیرا ڈال دیا ہے ۔ سرکاری طور پر روایتی پہلگام اور بالٹال ٹریک سے یاترا 28 جون سے شروع ہوکر دو ماہ چلے گی۔ اب تک دو لاکھ سے زیادہ مسافروں نے رجسٹریشن کرالیا ہے۔ جموں و کشمیر میں گورنر راج لاگو ہونے کے بعد سے دیش کے کچھ سب سے مشہور افسروں کو ریاست میں بحال کیا گیا ہے۔ چھتیس گڑھ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری بی دی سبرامنیم کو گورنر نے چیف سکریٹری اور سابق آئی پی ایس افسر وجے کمار کو گورنر کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ سبرامنیم کا شمار دیش کے قابل حکام میں ہوتا ہے اور انہیں نکسل متاثرہ علاقوں میں امن بحال کرنے کے لئے خاص طور پر جانا جاتا ہے۔ خطرناک چندن اسمگلر ویرپن کو اکتوبر2004 میں ایک مڈ بھیڑ میں مارنے والی ٹیم کی قیادت انہوں نے ہی کی تھی۔ منموہن سنگھ کے خاص افسران میں بھی سبرامنیم کا نام تھا۔ انہیں یوپی اے ۔I میں منموہن سنگھ نے اپنا پرائیویٹ سکریٹری مقرر کیا تھا وہیں گورنر ایم این راؤ کے صلاح کار مقرر کئے گئے سابق آئی پی ایس افسر وجے کمار جنگل میں انتہا پسندی انسداد آپریشن چلانے میں ماہر مانے جاتے ہیں۔ جموں و کشمیر میں آتنکیوں کا خاتمہ کرنے کی ذمہ داری اب بلیک کیٹ کے نام سے مشہور نیشنل سکیورٹی گارڈ (این ایس جی ) کے کمانڈوکو سونپی جائے گی۔ 51 این ایس جی کے قریب 24 کمانڈو کا دستہ و ہفتے پہلے سرینگر کے پاس حمہمہ بی ایس ایف کیمپ پہنچ چکا ہے۔ مقامی ماحول میں ڈھلنے کے لئے کمانڈو یہاں سخت ٹریننگ لے رہے ہیں۔ حکام کے ذرائع کے مطابق ماحول مناسب ہوتے ہی کمانڈو آتنکیوں کے خلاف آپریشن میں اترجائیں گے۔ جلد ہی یہاں 100 کمانڈو پہنچ جائیں گے۔ ادھر ہڑتال کی اپیل کے درمیان مظاہرے نا کام کرنے کے لئے جمعرات کو بڑے سطح پر علیحدگی پسندوں کی گرفتاریاں ہوئیں، احتجاجی مظاہرہ کی قیادت کرنے جا رہے جے کے ایل ایف کے چیئرمین یاسین ملک کو بھی گرفتار کیا گیا۔ حریت کانفرنس کے کٹرپنتھی گروپ کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی و علیحدگی پسند لیڈر میر واعظ فاروق ، محمد اشرف سہرائی کو گھروں میں نظر بند کردیا گیا۔ سرینگر کی تاریخی جامع مسجد بھی بند کردی گئی ہے۔ میر واعظ فاروق کے گڑھ میں اس مسجد میں کوئی نماز کے لئے نہیں جا سکا۔ صحافی شجاعت بخاری کے قتل اور سکیورٹی فورس کے ساتھ جھڑپوں میں لوگوں کی موت کے احتجاج میں علیحدگی پسندوں نے جمعرات کو ہڑتال کی اپیل کی تھی۔ جموں و کشمیر میں امن و خوشحالی کا راستہ لمبا ہے پاکستان اور ان کے خیر خواہ اتنی آسانی سے ماننے والے نہیں، لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے۔ صدر راج کے پہلے دن ساؤتھ کشمیر کے پلوامہ ضلع میں سرینگر۔ جموں قومی شاہراہ پر بدھ کی شام کو آتنک وادیوں نے پولیس کی ایک گاڑی پر فائرننگ کی۔ اس میں ایک جوان شہید ہوگیا جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ میں سمجھتا ہوں کہ گھروں میں چھپ کر فائرننگ کرکے جنگلوں میں بھاگنے والے آتنک وایوں سے صحیح ڈھنگ سے نمٹنے میں بلیک کیٹ کمانڈو زیادہ کارگر ثابت ہوتے ہیں۔ آتنکی افسر گھنی آبادی والے علاقوں میں گھروں میں چھپتے ہیں۔ ایسے میں سکیورٹی فورس کے سامنے چیلنج بنا رہتا ہے کہ عام لوگوں کو کم سے کم نقصان ہو۔ ایسے میں شہادتوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ وادی پہنچے کمانڈو ہٹ اینڈ ان یعنی ہاؤس انٹرکشن ٹیم کا حصہ ہیں۔ وادی کے بدلے سیاسی حالات کے درمیان امرناتھ یاترا پر بھی کسی بڑے حملے کی خبر ہے۔ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کمانڈو کو تیار رہنے کے موڈ میں رکھا گیا ہے۔
(انل نریندر)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں