’مین آف ایکشن ‘یوگی آدتیہ ناتھ
اترپردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کو اقتدار سنبھالے ابھی تقریباً 30 دن ہوئے ہیں اور یوگی نے دکھا دیا ہے کہ وہ ’مین آف ایکشن‘ ہے۔ انہوں نے 30 دن میں وہ کام کردکھائے جن کو مہینوں اور برسوں لگ جاتے تھے۔ یوگی نے حلف برداری کرتے ہی اپنے چناوی وعدے پورے کرنے شروع کردئے ہیں۔ ریاست کے گنا وکاس راجیہ منتری سریش رینا نے بتایاکہ قریب ایک مہینے میں گنا کسانوں کو پانچ ہزار کروڑ روپے کی بقایا ادائیگی کردی گئی ہے۔ پردیش میں 116 میں سے 56 ملوں نے 14 دن میں بقایا جات ادا کردئے ہیں۔ اب تک 83 فیصد گنے کا پیسہ ادا ہوچکا ہے۔ باقی چینی ملکوں کو ہر حال میں 120 دن میں 100 فیصد پیسے کی ادائیگی کرنے ہوگی اور تاخیر سے ادا کرنے والی ملوں جو 15 فیصدی سود بھی دینا ہوگا۔ وزیر اعظم آدتیہ ناتھ یوگی نے سرکار کے کام کاج اور رفتار تیز کردی ہے۔ وزرا اور افسروں کو بڑی ذمہ داری و جوابدہی سے باندھا گیا ہے۔ وزرا ء کو اب اپنے اپنے محکموں کے کام کاج پر وائٹ پیپر و تین مہینے بعد پیشرفت رپورٹ دینی ہوگی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ کرپٹ ملازمین کو نہ صرف وراننگ دیں بلکہ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا کر سخت کارروائی کریں۔ وزیر اپنے اپنے دائرہ اختیار والے اضلاع کا دورہ کرکے مرکز و ریاستی سرکار کی یوجناؤں پر عمل کا جائزہ لیں گے۔ وزراء سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ضلع اسپتالوں ،بارات گھروں اور پرائمری ہیلتھ سینٹروں کا دورہ کر ڈاکٹروں کی حاضری طے کریں۔ وزیر اعلی نے کہا افسران 9 سے6 بجے تک دفتر میں رہیں۔ کسی بھی وقت وزیر اعلی آدتیہ ناتھ انہیں کال کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ رشوت خور بابوؤں کو سیدھے جیل بھیجا جائے گا۔ ریاستی حکومت کے وزیر شری کانت شرما نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی رہنمائی والی حکومت اپنے 100دنوں کے عہد کی رپورٹ کارڈ جنتا کے سامنے رکھے گی۔ شری کانت نے یہ بھی کہا کہ ایک وزیر روز لکھنؤ میں بی جے پی دفتر میں جنتا کے مسائل سنے گا۔ شرما نے کہا کہ یوپی سرکار کرپشن پر زیرو ٹالرینس کے تحت کارروائی کرے گی۔ ہر ضلع افسر کو صفائی پر خاص توجہ دینے کو کہا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہر گاؤں میں بجلی کی سپلائی کو لیکر بھی سرکار کی ہدایات صاف ہیں۔ ہر گاؤں میں صبح 7 بجے سے لیکر شام 5 بجے تک بجلی رہے گی ۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ ضلع افسر تحصیلوں اور ایس ایس پی تھانوں میں رکیں اور وہاں کے کاموں کا جائزہ لیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے حکام کو خبردار کیا ہے کہ 15 جون سے پہلے صوبے کی سڑکوں کو گڈھوں سے آزاد کرادیا جائے اور اس طرح کے درجنوں کام ہورہے ہیں۔ میں نے صرف کچھ کاموں کا ذکر ہی کیا ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ یوگی آدتیہ ناتھ ’مین آف ایکشن ‘ ہیں تو غلط نہ ہوگا۔
(انل نریندر)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں