اور اب بالی ووڈ ستارے جڑے آئی پی ایل فکسنگ گھوٹالے سے
انڈین فکسنگ گھوٹالے کی جانچ جیسے جیسے آگے بڑھتی جارہی ہے ویسے ویسے اس میں فکسروں کے نام جڑتے جارہے ہیں۔ پیسہ اور گلیمر کے آئی پی ایل میں بھلا بالی ووڈ کیسے پیچھے رہ سکتا ہے۔ اب بالی ووڈ کے کنکشن کی شکل میں مشہور پہلوان رستم ہند رہ چکے سورگیہ دارا سنگھ کے بیٹے بگ باس ونر بندو دارا سنگھ کا نام جڑ گیا ہے۔ بندو پر پولیس نے دھوکہ دھڑی کے الزامات میں آئی پی سی کی دفعہ 420-465-467 اور 468 کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔ پولیس کے مطابق بندو سٹے بازوں اور دیگر لوگوں ہمیش ویاس ، پون جے پور، انیس وغیرہ کے رابطے میں تھا۔ وہ خود بھی سٹہ لگا تا تھا۔ پولیس نے دعوی کیا ہے ان کے پاس بندو کے پاس پختہ ثبوت ہیں، خود بندو نے بھی اپنا گناہ قبول کرلیا ہے۔ ہم نے ان کا ایک لیپ ٹاپ، ایک فون اور ایک ڈائری بھی ضبط کی ہے۔ ممبئی پولیس کے جوائنٹ کمشنر ہیمانشو رائے نے کہا اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ بندو سرگرمی سے سٹے بازوں کے راربطے میں تھا۔ بندو کو اداکار شاہ رخ خان کا قریبی مانا جاتا ہے۔ ساؤتھ افریقہ میں 2009 ء میں ہوئے آئی پی ایل کے دوران شاہ رخ کی سبھی پارٹیوں کا انتظام بندو دیکھتا تھا۔ اس سال کے آئی پی ایل میں6 اپریل کو چنئی۔ ممبئی میچ کے دوران چنئی میں دھونی کی بیوی کے ساتھ میچ دیکھتے ہوئے بندو کی فوٹو بھی سبھی اخباروں میں چھپی ہے۔بندو کو ان کے والد دارا سنگھ نے 1994ء میں ’کرن‘ نام کی فلم میں لانچ کیا تھا۔ لیکن وہ فلم اس سال کی بڑی فلاپ فلم ثابت ہوئی۔ اس کے بعد اس نے کئی فلموں میں چھوٹے موٹے رول کئے اور اس کا کوئی خاص نوٹس نہیں لیا گیا۔ خاص کر بندو نے ’سن آف سردار، کمبخت عشق، ہاؤس فل‘ وغیرہ میں ایکٹنگ کی۔ ان کے پردے کے کیریئر کا سب سے کامیاب باب ’بگ باس ۔3‘ 2009 میں تھا ۔ اس میں وہ ونر بنے۔ بندو نے پہلی شادی تبو کی بہن فرح سے کی تھی۔ دوسری شادی ڈوناسے کی۔پولیس کو بندو پر شبہ اس وقت ہوا جب 13 مئی کو کرائم برانچ نے رمیش ویاس نام کے دلال کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق رمیش سٹے باز اور کھلاڑیوں کے درمیان کڑی کا کام کرتا تھا۔ رمیش ممبئی کے کلابا دیوی علاقے میں ایک انٹرنیشنل ٹیلی فون ایکسچینج چلاتا تھا جس میں سے92 موبائل فون اور18 سم کارڈ برآمد ہوئے اس کی مدد سے وہ عالمی سطح کے سٹے بازوں کے رابطے میں تھا۔ پولیس کے مطابق بندو پر سب سے اہم الزام یہ ہے کہ اس نے اسپارٹ فکسنگ کی جانچ کے دوران دو بڑے دلالوں کو بھارت سے باہر دوبئی بھاگنے میں مدد کی تھی۔ پولیس ان دونوں سٹے بازوں سنجے چھاوڑہ اور اس کے بھائی پون چھاوڑہ کو پکڑنے ہی والی تھی لیکن بندو نے ان کا ہوائی ٹکٹ کا انتظام کردیا اور16 مئی کو وہ دونوں دوبئی بھاگ گئے۔ اس بات کا اس وقت پتہ چلا جب پولیس نے ممبئی ایئرپورٹ پر بھاگنے کی کوشش کررہے ایک اور سٹے باز پریم تنیجا کو ایک جہاز میں چڑھنے سے پہلے ہی پکڑ لیا تھا۔ گہری پوچھ تاچھ میں پتہ چلا کہ بندو نے ہی سنجے اورپون کوبھارت سے بھاگنے میں مدد دی تھی۔ بندو دارا سنگھ کی گرفتاری سے اس جرائم کی تصدیق ہوگئی ہے کے گلیمر کاروبار سے جڑے لوگ بھی اب اس فکسنگ کے کالے گورکھ دھندے میں شامل ہے۔آئی پی ایل کرکٹ کے نام پر چاہے جو معاملہ بھی ہوا ہو اس سے تو یہ ہی احساس ہوتا ہے کہ اس میں سب کچھ پاک صاف نہیں ہے۔ بیشک آئی پی ایل میں شامل تمام کرکٹر فکسنگ میں شامل نہ ہوں مگر کرکٹ کے اس ایڈیشن نے کئی نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا کام کیاہے لیکن ایک سچائی یہ بھی ہے کہ آئی پی ایل کے حصے میں بدنامی زیادہ آئی ہے اور اس کے لئے کافی حد تک بی سی سی آئی ذمہ دار ہے جو آئی پی ایل کے ذریعے اپنا خزانہ بھرنے میں تو لگا ہوا ہے لیکن کالی کمائی کے دھندے کا سچ نہ تو کبھی خود اجاگر کیا ہے بلکہ اس کالے دھندے کا سچ سامنے آنے کے بعد بھی اس نے ہاتھ کھڑے کردئے ہیں۔
(انل نریندر)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں