بابا رام دیو کی مشکلیں کم ہوتیں دکھائی نہیں پڑتیں
یوگ گورو بابا رام دیو سے یوپی اے سرکار اب اپنی غصہ نکالنے پر تلی ہوئی ہے۔بابا پر سیدھا ہاتھ نہ ڈالتے ہوئے سرکار نے ان کی فارمیسی اور ان کے سب سے قریبی بال کرشن پر ہاتھ ڈالا ہے۔ دلی میں رام لیلا میدان میں تحریک ختم کرکے بابا ہری دوار پہنچے ہی تھے کہ ان کے دویہ یوگ آشرم میں جمعرات کو اتراکھنڈ کے محکمہ خوراک و ادویات کے افسروں نے چھاپہ مارا ۔ اور دوائیوں کے نمونے اکٹھے کئے۔ تین گھنٹے تک چلی کارروائی میں شہد، نمک، چنے کا آٹا وغیرہ کے نمونے اکٹھے کئے گئے۔ رام دیو نے اسے مرکزی سرکار کے اشارے پر کی گئی کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عام آدمی اور اونچے طبقے کے بیچ لڑائی ہے۔ کیا انہوں نے (سرکار) نے کبھی غیر ملکی کمپنیوں پر چھاپے مارنے کی ہمت دکھائی؟ لیکن مجھے نشانہ بنایا گیا۔ لیکن چھاپے کے تھوڑی دیر بعد بابا کے لئے ایک اچھی خبر آئی ان کے سب سے قریبی بال کرشن کو اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے جمعرات کو ضمانت دے دی۔ بال کرشن کو فرضی دستاویز سے وابستہ معاملوں میں سی بی آئی نے20 جولائی کو گرفتار کیا تھا۔ بال کرشن پر جعلی پاسپورٹ حاصل کرنے اور جعلی تعلیمی ڈگری کا استعمال کرنے کا الزام ہے۔ بال کرشن کی ضمانت عرضی نچلی عدالتوں سے دو بار خارج ہو چکی ہے اس کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ کی پناہ لی۔ سی بی آئی نے10 جولائی کو بال کرشن کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔ سمن بھیجے جانے کے بعد بھی بال کرشن پیش نہیں ہوئے۔ بابا اور بال کرشن کی دوستی اٹوٹ ثابت ہورہی ہے۔ آچاریہ کی گرفتاری سے نہ تو انتظامات پر فرق پڑا اور نہ ہی وہ قیاس آرائیاں سچ ثابت ہوئیں کہ دونوں کے رشتوں کو لیکر اختلافات ہیں۔ ضمانت پر رہا ہوکر لوٹتے ہی پتنجلی یوگ پیٹھ کے تمام اختیارات پھر بال کرشن کے پاس آگئے ہیں۔ ایم ڈی کی شکل میں تمام اداروں کے افسر آچاریہ کو رپورٹ کررہے ہیں۔پچھلے سال4 جون کے واقعہ کے بعد جس طرح آچاریہ کو پاسپورٹ کے اشو پر سی بی آئی نے گھیرنا شروع کیا تھا اسے دیکھتے ہوئے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ بابا رام دیو کا خاندان پتنجلی پیٹھ کے تمام اختیار سنبھال لے گا۔ بابا حالانکہ بار بار کہتے رہے ہیں کہ آچاریہ کے بغیر پتنجلی کا وجود ادھورا ہے۔ یہ سارے خدشات بے بنیاد ثابت ہوئے۔ بابا رام دیو اور آچاریہ بال کرشن میں گھیرے رشتے ہیں لیکن بابا رام دیو کی مشکلیں فی الحال کم ہوتی نہیں دکھائی پڑتیں۔ انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ان کے ساتھی بال کرشن کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس کے بعد بال کرشن کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ ای ڈی جانچ کرے گا کہ بال کرشن نے بیرونی ممالک سے پیسے کے لین دین میں منی لانڈرنگ روک تھام قانون کس طرح سے توڑا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ معاملہ بال کرشن کے خلاف سی بی آئی کے ذریعے درج کی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر درج کیا گیا۔ ای ڈی کو شبہ ہے کہ اس فرضی پاسپورٹ کا استعمال کرکے بال کرشن نے غیر ملک سے غیر قانونی پیسے کا لین دین کیا ہے۔ بابا رام دیو کی پریشانیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ منموہن سرکار ہر طرح سے بابا پر دباؤ بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ اس سے تو یہ بھی لگتا ہے کہ بابا اور سرکار کے درمیان کوئی خفیہ سمجھوتہ نہیں ہوا جیسا کہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔
(انل نریندر)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں