سونیا بیمار راہل پر بھار،پرینکا کو بناؤ امیدوار!

سونیابیمار راہل پر بھار،پرینکا کو بناؤامیدوار کا نعرہ دینے والے یوپی کے دو کانگریسی ورکروں کو یہ نعرہ بہت مہنگا پڑا۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے دونوں عہدیداران کو معطل کردیا ہے۔ الزام ہے کہ دونوں نے الہ آباد میں سونیا کو بیمار بتانے والے اور پھولپور سے پرینکا گاندھی واڈرا کو امیدوار بنانے کی مانگ کرنے والی ہورڈنگس لگائی تھیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نرمل کھتری نے پارٹی کی الہ آباد یونٹ کو ہدایت دی کے سکریٹری حسیب احمد اور سریش چند دوبے کو فوراً معطل کریں۔ ان دونوں لیڈروں کے نام ہورڈنگ پر تھے۔ انہوں نے کہا کچھ باہری لوگ اس طرح کی حرکتوں میں لگے ہوئے ہیں اور وہ پارٹی چیف سونیا گاندھی کو بیمار بتانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا سونیا گاندھی بہتر طریقے سے پارٹی کا کام کاج چلا رہی ہیں لیکن کچھ لوگ ان کی اور پارٹی کی ساکھ خراب کرنا چاہتے ہیں۔ پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ہورڈنگ اسمبلی چناؤ کے دوران بھی لگائی گئی تھیں لیکن اس وقت انہیں نظر انداز کردیا گیا۔غور طلب ہے پھولپور پارلیمانی حلقے سے دیش کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرونے چناؤ لڑا تھا۔ دراصل کانگریس کی سب سے بڑی پریشانی نریندر مودی کے مقابلے ’کراؤڈ پولر‘ یعنی ’بھیڑ اکھٹی کرنے والے ‘چہرے کی رہی ہے۔ مودی کی ریلی میں دن بدن بھیڑ بڑھتی جارہی ہے۔ وہ جہاں بھی جاتے ہیں لاکھوں کی تعداد میں لوگ انہیں سننے آتے ہیں۔ سونیا گاندھی اب صحت کی وجہ سے پارٹی کی گھٹتی مقبولیت کے سبب اتنی بھیڑ اکھٹا نہیں کرپارہی ہیں۔ کانگریسیوں نے اسمبلی چناؤ میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کے بجائے نائب صدر راہل گاندھی کی مانگ زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریاستوں میں راہل گاندھی کو زیادہ ریلیاں کرنے کے پروگرام بن رہے ہیں۔ راہل بولتے ہیں اس سے پبلسٹی میں مدد ملتی ہے۔ دراصل راجستھان ، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں راہل کی زیادہ ریلیوں کا تذکرہ ہے۔ راہل کی ڈیمانڈ کے بارے میں کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ بھاجپا کو زیادہ تلخ انداز سے کوسنے کی ضرورت ہے۔ 
حالیہ دنوں میں راہل نے جہاں بھی ریلیاں کی ہیں وہاں ان کے تیور جارحانہ دکھائی دئے۔ راہل نے اب علاقائی مسائل کو لیکر جس طرح کی مسالے دار تقریر شروع کی ہے اس سے ریلیوں میں لوگ کافی دیر تک بیٹھے رہتے ہیں۔ راہل کی ریلیوں کے امکانی امیدواروں اور چناؤ مہم میں لگائے گئے لیڈروں کی طرف سے زیادہ مانگ ہورہی ہے۔ ابھی راہل کی ریلیوں کے پروگرام بن رہے ہیں وہ چھوٹے مقامات پر بھی جارہے ہیں اور بڑی جگہوں اور شہروں میں بھی۔ چھوٹی جگہوں کے پروگرام دیہات اور قبائلیوں کو ذہن میں رکھ کر بنائے گئے ہیں۔ ابھی راہل ایک دن میں دوریلیاں کررہے ہیں لیکن مانگ کودیکھتے ہوئے ان کی تعداد تین ریلیاں یومیہ ہوجائے گی۔ چناؤ والی ریاستوں کے ایک انچارج جنرل سکریٹری نے کہا کہ کیونکہ اس بار ٹکٹ تقسیم میں راہل گاندھی کی شرائط چلی ہیں اس لئے انہوں نے باآور کیا ہے کہ وہ اپنی ریلیاں کرنے میں ریاستی یونٹ کومایوس نہیں کریں گے۔ سونیا کی ڈیمانڈ نہ کے برابر ہے اور وزیر اعظم منموہن سنگھ کو تو کوئی بلاکر راضی نہیں۔ پرینکا کی مانگ بھی بڑھ رہی ہے۔
(انل نریندر)

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

’’مجھے تو اپنوں نے لوٹا غیروں میں کہاں دم تھا۔۔ میری کشتی وہاں ڈوبی جہاں پانی بہت کم تھا‘‘

’وائف سواپنگ‘ یعنی بیویوں کی ادلہ بدلی کامقدمہ

ہریانہ میں غیر جاٹوں کے بھروسے بھاجپا!